ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دوبارہ طیارے میں بم کی دھمکی: وستارا کی پرواز کی فرینکفرٹ میں ایمرجنسی لینڈنگ

دوبارہ طیارے میں بم کی دھمکی: وستارا کی پرواز کی فرینکفرٹ میں ایمرجنسی لینڈنگ

Sat, 19 Oct 2024 13:44:44    S.O. News Service

نئی دہلی، 19/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستانی طیاروں میں بم کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے جو تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ حالیہ دنوں میں متعدد ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جب بم کی دھمکی ملنے پر طیاروں کو ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ اسی طرح کا ایک واقعہ جمعہ کو دہلی سے لندن جانے والی وستارا کی ایک پرواز کے ساتھ پیش آیا، جس میں بم کی دھمکی ملنے کے بعد اسے فرینکفرٹ کی طرف موڑ دیا گیا اور یہاں ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی۔ اس واقعے کے بارے میں ایئرلائنس کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا ہے۔

ہفتہ کی صبح ایئرلائنس کے ترجمان نے بتایا کہ فلائٹ فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر محفوظ طور پر اتر گئی ہے اور ضروری جانچ جاری ہے۔ سیکوریٹی ایجنسیوں کی منظوری ملنے کے بعد طیارہ اپنے منزل مقصود کے لیے روانہ ہوگا۔

ایئر لائنس کے ترجمان کے ذریعہ جانکاری دی گئی کہ 18 اکتوبر کو دہلی سے لندن کے لیے پرواز کرنے والی وِستارا کی فلائٹ یوکے 17 کو سوشل میڈیا پر تحفظ سے متعلق دھمکی ملی۔ پروٹوکال کے مطابق سبھی متعلقہ افسران کو فوراً اس کی اطلاع دی گئی اور احتیاط کے طور پر پائلٹوں نے فلائٹ کو فرینکفرٹ کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا۔

معاملے سے جڑے ایک افسر نے بتایا کہ فلائٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی۔ اس سے پہلے اکاسہ ایئر نے کہا تھا کہ جمعہ کو بنگلورو سے ممبئی کے لیے اڑان بھرنے والی اس کی فلائٹ کیوپی 1366 کو روانگی سے کچھ وقت پہلے سیکوریٹی الرٹ ملا تھا۔

ایئر لائنس نے سوشل میڈیا سائٹ 'ایکس' پر اپنے پوسٹ میں کہا "اس لیے تحفظ اور حفاظتی طریقہ کار کے مطابق سبھی مسافروں کو طیارہ سے اتارنا پڑا کیوں کہ مقامی افسران نے ضروری طریقہ کار پر عمل کیا"۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں ہندوستانی ایئرلائنس کے ذریعہ چلائے جا رہے تقریباً 40 اڑانوں کو بم کی دھمکی ملی ہے۔ حالانکہ یہ سب دھمکیاں بعد میں جھوٹی ثابت ہوئیں لیکن پھر بھی مسافروں اور ایئر لائنس انتظامیہ کو کئی طرح کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسے وزارت شہری ہوا بازی طیاروں میں بم کی جھوٹی دھمکیوں کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت قانون نافذ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس میں قصورواروں کو نو فلائی لسٹ میں بھی ڈالنا شامل ہے۔


Share: